مالیگاؤں بم دھماکے کے 38 حساس گواہوں کے تحفظ کیلئے عدالت سے این آئی اے کی درخواست

   

ممبئی ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) این آئی اے نے جمعہ کے دن بمبئی ہائیکورٹ کو بتایا کہ وہ تحت کی عدالت میں ایک درخواست داخل کرے گی جس میں ستمبر 2008ء کے مالیگاؤں کے بم دھماکے کے 38 حساس گواہوں کیلئے پولیس تحفظ چاہے گی۔ بھوپال کے رکن پارلیمان سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، لیفٹننٹ پروہت اور دیگر 5 افراد پر اس کیس کے سلسلہ میں مقدمہ زیردوراں ہے۔ ان پر انسداد غیرقانونی سرگرمی ایکٹ اور دہشت گردی اور سازش کے الزامات کے تحت بھی مقدمہ چلایا جارہا ہے۔ این آئی اے کے وکیل سندیش پٹیل نے کہا کہ جملہ 475 گواہوں میں سے 186 گواہوںکی گواہیوں میں کانٹ چھانٹ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 186 گواہوں میں سے 38 گواہ بہت ہی حساس قسم کے ہیں۔ انہیں تحفظ کی ضرورت ہے اوران کی شہادت کو جج کے کمرے میں لیا جانا چاہئے۔ مالیگاؤں میں 29 ستمبر 2008ء کو ممبئی سے تقریباً 200 کیلو میٹر اور شمالی مہاراشٹرا میں ایک مسجد کے قریب ایک بائیک میں رکھا ہوا بم پھٹ گیا ھتا جس سے 6 آدمی مارے گئے اور 100 زخمی ہوگئے تھے۔