مالی مسائل کا شکار جوڑے نے بچوں کو زہر دیکر خودکشی کرلی

,

   

حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میں مالی پریشانیوں کا شکار خاندان میں خود کشی کی واردات پیش آئی ۔ جہاں پریشان حال میاں بیوی نے بچوں کو زہر دیکر خود کشی کرلی ۔ حبشی گوڑہ علاقہ میں پیش آئی یہ واردات شہر میں سنسنی کا سبب بن گئی ۔ کل رات دیر گئے اس بات کا انکشاف ہوا ۔ مکان میں میاں بیوی اور دو بچے رہتے تھے ۔ اطلاع کے فوری بعد عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے مقام واردات پہونچکر ضابطہ کی کارروائی کو انجام دیا اور نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم ہاسپٹل منتقل کردیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ 40 سالہ چندر شیکھر ریڈی، 35 سالہ کویتا اور ان کے بچے 15 سالہ سری لتا اور 10 سالہ لڑکا دشونت ریڈی کی موت ہوگئی ۔ چندرا شیکھر نے اپنے بچوں کو زہر دینے کے بعد انتہائی اقدام کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ چندر شیکھر ریڈی پیشہ سے لکچرر تھا اور 6 ماہ سے ملازمت پر نہیں تھا ۔ چندر شیکھر ریڈی کا تعلق کلواکرتی ضلع محبوب نگر سے تھا جو حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور پہلے رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرتا تھا اور کاروبار میں نقصان کے بعد اس نے ایک خانگی کالج میں لکچرر کی حیثیت سے خدمات شروع کردیں اور گذشتہ 6 ماہ سے بیروزگار تھا حالانکہ چندر شیکھر ریڈی کے سسرال کا دولت مندوں میں شمار ہوتا ہے لیکن میاں بیوی نے مالی پریشانیوں کا کسی سے ذکر نہیں کیا اور ایک خود کشی نوٹ میں مالی پریشانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بچوں کو زہر دے کر خود کشی کرلی ۔ شوہر اور بیوی نے الگ الگ کمروں میں انتہائی اقدام کرلیا ۔ بچوں کے ساتھ میاں بیوی کی اجتماعی خود کشی کے اس واقعہ سے دونوں خاندانوں پر سکتہ طاری ہوگیا اور یہ واردات مقامی سطح پر بھی غم و افسوس کا سبب بنی رہی ۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع