بماکو ۔ 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جہادیوں کے حملہ میں مالی کے 20 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ مقامی سیاستدان اور فوجی عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ مغربی افریقی جنگ سے متاثرہ ملک میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پیر کی صبح بماکو کے شمالی ٹاؤن میں جہادیوں نے فوجی ٹھکانے پر حملہ کردیا جس میں 20 فوجی ہلاک ہوگئے۔ ایک اور مقامی عہدیدار نے بھی مہلوکین کی تعداد اتنی ہی بتائی ہے اور کہا کہ جہادی موٹربائیک اور کاروں میں سوار تھے۔ اس واقعہ کی بڑے پیمانے پر تحقیقات جاری ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ مالی میں جہادیوں کی بغاوت کو کچلنے کی مسلسل کوشش کی جارہی ہے جس کا 2012ء میں آغاز ہوا تھا۔ یہ بغاوت پڑوسی برکینافاسو اور نائجر تک پھیل چکی ہے۔ اس تنازعہ میں اب تک ہزاروں فوجی اور شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ پیر کی صبح کئے گئے حملہ کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے ۔ مالی فوج کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس حملہ میں دونوں جانب جانی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا واضح اندازہ نہیں ہیکہ کتنے جہادی اس لڑائی میں مارے گئے ہیں کیونکہ وہ مہلوکین کو اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔
