باماکو : مالی کی فوجی جنتا نے ایک جرمن فوجی طیارے کو اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔ برلن میں وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ بحران زدہ اس مغربی افریقی ملک کی طرف سے اجازت نہ ملنے پر اے فور ہنڈریڈ ایم ایئر کرافٹ کو واپس لوٹنا پڑا۔ اس جہاز میں پچھتر جرمن فوجی بھی سوار تھے اور یہ نائجر میں واقع نیامے ایئر بیس جا رہا تھا۔ ساحل خطے میں ایک عالمی مشن کے تحت جرمنی نے وہاں ایک لاجیسٹک بیس قائم کر رکھا ہے۔ علاقائی ممالک کی طرف سے پابندیوں کے نتیجے میں مالی کی فوجی حکومت گزشتہ ایک ہفتے سے اقوام متحدہ کے ایسے مشنز کے لیے ایئر ٹریفک میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔