مالی نے فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکال دیا

   

عدیس ابابا: مغربی افریقی ملک مالی نے فوجی حکومت کے متعلق قابل اعتراض بیان پر فرانسیسی سفیر جویل میئر کو 72 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑ دینے کا حکم دیا ہے۔ اس اقدام سے فوجی جنتا کے بین الاقوامی شرکاء کے ساتھ تعلقات مزید خراب ہو جائیں گے۔مالی کی وزارت خارجہ نے پیر کوفرانسیسی سفیر جویل میئر کو دفتر خارجہ میں طلب کیا اور انہیں 72گھنٹے کے اندر ملک چھوڑ کر چلے جانے کیلئے کہا۔ فرانس کا فی الحال اس پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔یہ پیشرفت فرانسیسی وزیر خارجہ جیاں ژاں ایو لدریاں کی جانب سے جمعہ کودیئے گئے ایک بیان کے بعد ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مالی کی فوجی جنتا کو ’’غیر قانونی‘‘ اور اس کے فیصلوں کو ’’غیر ذمہ دارانہ‘‘ قرار دیا تھا۔مالی کی عبوری حکومت نے پیر کوجوابی کارروائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ’’ اس طرح کے بیانات کی مذمت اور مستر د کرتی ہے جو ملکوں کے مابین دوستانہ تعلقات کے منافی ہیں‘‘۔مالی اور اس کے سابق نوآبادتی حکمراں فرانس کے درمیان تعلقات میں اس وقت زبردست کشیدگی پیدا ہوگئی جب فوجی جنتا فروری میں انتخابات کرانے کے معاہدہ سے مکر گئی اور اس نے 2025 تک اقتدار پر برقرار رہنے کے بعد انتخابات کرانے کا اعلان کیا۔