شوہر کی موت، بیوی شدید زخمی، کوکٹ پلی پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : مالی پریشانیوں کا شکار قرض کے بوجھ سے پریشان ایک خاندان کے انتہائی اقدام کا واقعہ کوکٹ پلی علاقہ میں پیش آیا ۔ جہاں اجتماعی خود کشی کے دوران شوہر ہلاک اور بیوی شدید زخمی ہوگئی ۔ اس واقعہ کو قتل اور اقدام خود کشی کا واقعہ قرار دیا جارہا ہے ۔ تاہم ابتدائی تحقیقات کے بعد کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس مختلف زاویوں سے اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے ۔ رمیا کرشنا اور راما کرشنا دونوں میاں بیوی کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس حدود میں رہتے ہیں ۔ یہ خاندان قرض کے بوجھ سے پریشان تھا اور شدید مالی پریشانیوں نے انہیں گھر لیا تھا ۔ دونوں نے ان مسائل سے آزادی کے لیے اپنے آپ کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ پہلے شوہر نے تیز دھار ہتھیار سے اپنا گلا کاٹ لیا اور پھر بیوی نے گلا کاٹ کر خود کشی کی کوشش کی جس کو مقامی عوام نے مداخلت سے بچالیا ۔ جو شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے ۔ خاتون رمیا کرشنا پر اس بات کا الزام لگایا جارہا ہے کہ اس خاتون نے شوہر کا گلا کاٹ دیا اور پھر خود کشی کی کوشش کی ۔ پولیس کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع