ماموں کے مکان میں سرقہ کرنے والا بھانجہ گرفتار

   

حیدرآباد: /17 فبروری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نے علاقہ رام گوپال پیٹ میں پیش آئے سرقہ کی ایک واردات کا معمہ حل کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جس نے اپنے ماموں کے مکان میں سرقہ کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سریش ملانی ساکن شمس آباد نے /13 فبروری کو اپنے سگے ماموں گوپال داس کے مکان واقع رام گوپال پیٹ میں اس وقت طلائی زیورات کا سرقہ کیا تھا جب مالک مکان گھر میں موجود نہیں تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم کا ماموں گوپال داس نے مکان واپس پہنچ کر الماری کھولنے پر اس بات کا علم ہوا کہ اس کی بیوی کے طلائی زیورات کا سرقہ ہوگیا ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس سے شکایت درج کروائی گئی اور رام گوپال پیٹ پولیس نے سرقہ کا ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔ ٹاسک فورس پولیس نے حرکت میں آکر علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا اور سورج ملانی کو مشتبہ حالت میں وہاں پائے جانے پر شبہ کی بنیاد پر اسے حراست میں لیکر تفتیش کی ۔ جس میں اس نے سرقہ کا انکشاف کیا ۔ تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ گرفتار سورج ملانی آن لائن سٹہ بازی میں ملوث ہے اور حالیہ دنوں بھاری نقصان کے بعد اس نے آسانی سے روپئے کمانے اور قرض کی ادائیگی کیلئے اپنے ماموں کے مکان میں سرقہ کیا تھا ۔ گرفتار ملزم کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرتے ہوئے اس کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے ۔