مانجھی کی امیت شاہ سے ملاقات ،این ڈی اے میں شمولیت

   

پٹنہ؍نئی دہلی: اس وقت کی بڑی خبر بہار کی سیاست سے آرہی ہے،وہ یہ کہ سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی کی پارٹی کے لئے این ڈی اے کا حصہ بننے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ آج جیتن رام مانجھی اور ان کے بیٹے سنتوش سمن نے دہلی میں وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔اس میٹنگ کے بعد بہار کے سابق وزیر اور جیتن رام مانجھی کے بیٹے سنتوش سمن نے کہا کہ ہماری پارٹی این ڈی اے کا حصہ ہوگی۔ایچ اے ایم کے قومی صدر سنتوش کمار سمن نے اعلان کیا کہ سیٹوں کا فارمولہ آنے والے دنوں میں طے کیا جائے گا۔ اس ملاقات کے بعد بہار کے سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی نے کہا کہ ہم رسمی طور پر این ڈی اے میں شامل ہو گئے ہیں۔ یہ فیصلہ امیت شاہ سے ملاقات کے بعد کیا گیا ہے۔مانجھی نے کہا کہ سیٹ شیئرنگ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ گرینڈ الائنس سے الگ ہونے کے بعد سے یہ مانا جا رہا تھا کہ مانجھی کی پارٹی دوبارہ این ڈی اے کا حصہ بن جائے گی۔ نتیش کمار سرکار میں شامل رہے ہندوستانی عوام مورچہ کے ایک واحد وزیر اور جیتن رام مانجھی کے بیٹے سنتوش سمن نے کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اتحاد سے پارٹی الگ ہوگئی تھی۔جیتن رام مانجھی پہلے بھی این ڈی کا حصہ رہ چکے ہیں، اس صورتحال میں این ڈی اے میں واپسی ان کیلئے گھر واپسی سمجھی جارہی ہے۔