حیدرآباد 28 ستمبر ( سیاست نیوز) جنوب مغربی مانسون ابھی ختم نہیں ہوا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ عام طور پر جنوب مغربی مانسون ‘ شمال مغربی مانسون کے بعد ختم ہوتا ہے تاہم اس سال یہ ابھی تک ختم نہیں ہوا ہے ۔ ڈائرکٹر محکمہ موسمیات وائی کے ریڈی نے کہا کہ جنوب مغربی مانسون عموما اکٹوبر تک کے وسط تک ختم ہوتا ہے تاہم اس سال مانسون کی مدت میں اضافہ ہوگا اور یہ اکٹوبر کے تیسرے ہفتے تک ختم ہوگا ۔ تاہم محکمہ موسمیات نے کہا کہ شدید بارش کا سلسلہ اب ختم ہوگیا ہے اور ہلکی سے اوسط بارش امکان ہے کہ آئندہ پانچ دن تک جاری رہے گی ۔ چونکہ ابھی بارش کا موسم ختم نہیں ہوا ہے ایسے میں آئندہ ہفتوں میں اگر خلیج بنگال میں ہوا کے دباو میں کمی ہوتی ہے تو پھر شدید بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ تاہم فی الحال شدید بارش کے آثار آئندہ پانچ دن تک دکھائی نہیں دے رہے ہیں اور امکان ہے کہ جنوب مغربی مانسون اکٹوبر کے تیسرے ہفتے میں ختم ہوگا ۔ ڈائرکٹر موسمیات نے پیش قیاسی کی کہ ہلکی سے اوسط بارش تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد اور اطراف میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا اور ایک یا دو موقعوں پر گرج چمک یا ہلکی بارش ہوسکتی ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 30 ڈگری اور اقل ترین 23 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔