مانسون سشن کے آخری دن ’ بھارت ماتا کی جئے ‘ نعرے سے مودی کا استقبال

,

   

نئی دہلی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ مانسون سشن کے آخری دن کے اجلاس میں شرکت کی جو چہارشنبہ کو منعقد ہوا تھا ۔ یہ سشن اپنے شیڈول سے آٹھ دن پہلے ہی ختم کردیا گیا ۔ جب وزیر اعظم ماسک لگائے لوک سبھا پہونچے تو ارکان کی جانب سے بھارت ماتا کی جئے کے نعرے لگائے گئے ۔ ملک میں کورونا وباء کی شدت کے باوجود پارلیمنٹ کا مانسون سشن منعقد ہوا تھا ۔ برسر اقتدار جماعت کے ارکان نے بھارت ماتا کی جئے اور جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے نریندر مودی کا خیر مقدم کیا تھا ۔ جب تک وزیر اعظم نے ارکان سے خاموش ہوجانے کی اپیل نہیں کی ارکان یہ نعرے لگاتے رہے ۔ وزیر اعظم نے ہاتھ جوڑ کر ان کے خیر مقدم کا جواب دیا ۔ وزیر اعظم اجلاس کے آغاز کے ایک گھنٹے بعد ایوان میں پہونچے تھے ۔ اسپیکر اور دوسرے ارکان نے وزیر اعظم کا خیر مقدم کیا تھا جبکہ پارلیمنٹ میں میجر پورٹ اتھارٹیز بل 2020 پر مباحث ہو رہے تھے ۔