مانسون سیزن اختتام کے قریب ۔ ملک میں 9 فیصد اضافی بارش

   

نئی دہلی ۔ آئندہ ہفتے سے راجستھان میں مانسون سیزن ختم ہونا شروع ہوجائیگا جس کے نتیجہ میں شمال مغربی ہندوستان میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہوسکتا ہے ۔ جاریہ سال مانسون کا اختتام کا آغاز 11 دن کی تاخیر سے ہورہا ہے حالانکہ ہر سال 17 ستمبر کو مانسون کی دستبرداری کا آغاز ہوتا ہے ۔ حالانکہ شمال مغربی ہندوستان سے مانسون کی دستبرداری کا آغاز ہوجائیگا تاہم وسطی ہندوستان کے مشرقی حصوں ‘ مشرقی ہندوستان کے کچھ علاقوں بشمول بہار و مغربی بنگال اور شمال مشرقی ریاستوں جیسے آسام اور میگھالیہ وغیرہ میں اکٹوبر کے پہلے ہفتے تک معمول سے زیادہ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ محکمہ موسمیات نے یہ بات بتائی ۔ آج صبح محکمہ کی جانب سے ہفتہ واری اپ ڈیٹ جاری کیا گیا ۔ اپنی رپورٹ میں محکمہ نے کہا کہ شدید بارش کی وجہ بننے والے موسمی حالات برقرار ہیں اور گذشتہ ہفتے میں بھی مانسون سرگرم رہا ہے ۔ تاہم آئندہ ہفتے سے راجستھان سے مانسون کے اختتام کا آغاز ہوجائیگا اور بتدریج بارش کا موسم ختم ہوجائیگا ۔ اس کے نتیجہ میں شمال مغربی ہندوستان کے علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کچھ زیادہ ہوسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک کے کئی علاقوں میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران شدید بارش ہوئی اور خلیج بنگال میں ہوا کے دباو میں کمی کا سلسلہ بھی برقرار رہا تھا ۔ کچھ مقامات پر شدت کی بارش ریکارڈ کی گئی ہے تاہم اب آئندہ وقتوں کے ساتھ بارش کی شدت کا یہ سلسلہ کم ہوتا جائیگا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گذشتہ پانچ سال سے ملک میں مانسون کی دستبرداری کا عمل تاخیر سے شروع ہو رہا ہے ۔ یہ آغاز 15 ستمبر کے بعد سے ہو رہا ہے ۔ ماہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں بارش معمول سے 30 فیصد کم ریکارڈ کی گئی تھی تاہم آئندہ ہفتے میں یہ خسارہ ختم ہوگیا اور 7 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ تیسرے ہفتے تک 40 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جاریہ سال یکم جون کے بعد سے ملک گیر سطح پر بارش معمول سے 9 فیصد اضافی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ جنوبی ہند میں 29 فیصد وسطی ہندوستان میں 17 فیصد اور شمال مغربی ہندوستان میں 15 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔