قدیم پولیس کمشنر آفس پر کنورجنس کوآرڈینیشن کا اجلاس ، کمشنر پولیس و جی ایچ ایم سی کا خطاب
حیدرآباد ۔26 ۔ مارچ (سیاست نیوز) مانسون سیزن کے پیشِ نظر حیدرآباد سٹی پولیس اور جی ایچ ایم سی نے شہریوں کو دشواریوں سے بچانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے اور قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں جمعرات کو قدیم پولیس کمشنردفتر بشیر باغ میں کنورجنس کوآرڈینیشن کا اجلاس منعقد کیا گیا، جس کی صدارت حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار اور جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن نے کی۔ اس اجلاس کے دوران مختلف اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور فیلڈ سطح کے عملے کو واضح ہدایات دی گئیں کہ شہر کے نالوں کی ڈی سلٹنگ اور پائپ لائنوں کی مرمت کا کام فوراً جنگی بنیادوں پر شروع کیا جائے اور موسم بارش شروع ہونے کا انتظار نہ کیا جائے۔ حکام نے اس بات پر زور دیا کہ شہر میں نشاندہی کئے گئے ٹاپ 10 واٹر لاگنگ پوائنٹس پر مستقل حل کے لئے فوری طور پر کام شروع کیا جائے تاکہ بارش کے دوران پانی جمع ہونے کے مسائل کم ہوں۔ اسی کے ساتھ تمام کھلے مین ہول پر فوری طور پر ڈھکن لگا کر محفوظ کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ عوامی جان و مال کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہ ہو۔ اجلاس میں یہ بھی طئے کیا گیا کہ فٹ پاتھ پر ہونے والی تجاویز کو مرحلہ وار ہٹا کر پیدل چلنے والوں کے لئے راستہ صاف کیا جائے۔ متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ اسٹریٹ لائٹس کی کارکردگی رات کے اوقات میں یقینی بنائی جائے، جہاں بلب خراب ہوں انہیں تبدیل کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں نئی لائٹس نصب کی جائیں تاکہ عوام کی نقل و حرکت محفوظ رہے۔ سڑک حادثات میں کمی لانے کے لئے شہر کی سڑکوں پر موجود انجینئرنگ سے متعلق خامیوں کو دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ زیرِ تعمیر فلائی اوورز اور انڈر پاسز کے اطراف ٹریفک جام سے بچنے کے لئے مسلسل ٹریفک مینجمنٹ اور نگرانی کی ہدایت دی گئی۔ جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مانسون کے دوران جان و مال کے کسی بھی قسم کے نقصان کو روکنا سرکاری مشنری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی پولیس ڈپارٹمنٹ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنائے گی، خصوصاً سڑکوں کی مرمت، دیکھ بھال اور سٹی بیوٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک سے متعلق بہتری کے کاموں کے لئے فی زون 25 کروڑ روپئے کے خصوصی بجٹ کی منظوری دی جارہی ہے، اس طرح 6 زونز کے لئے مجموعی طور پر 150 کروڑ روپئے صرف ٹریفک کی بہتری کا پروجیکٹس پر خرچ کئے جائیں گے۔ حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف سرکاری محکموں کے درمیان اس نوعیت کی کنورجنس میٹنگس زمینی سطح کے مسائل کو تیزی سے حل کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ ٹریفک ریگولیشن اور پیدل چلنے والوں کی حفاظت کو بالاترین ترجیح دی جائے، خاص طور پر مانسون کے دوران حادثات سے بچاؤ کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے۔اجلاس میں حیدرآباد جوائنٹ سی پی (ٹریفک) ڈی جوئل ڈیوس، ڈی سی پیز جناب اویناش کمار اور کاجل کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ب