حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کا مانسون سیشن صرف دو دن یعنی 12 اور 13 ستمبر کو منعقد ہوگا۔ اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی کے علاوہ حکومت کی حلیف جماعت مجلس نے بھی صرف دو دن کے اجلاس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس کو توسیع دینے کی خواہش کی ہے۔ مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی نے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی کو مکتوب حوالے کرتے ہوئے مانسون سیشن میں اقلیتوں اور پرانے شہر کے علاوہ ریاست کے 27 مختلف امور کی نشاندہی کی جن پر اسمبلی میں مجلس مباحث کی خواہاں ہے۔ اسپیکر کو حوالے کردہ مکتوب میں جن امور پر مختصر مباحث کی درخواست کی گئی ان میں اقلیتی بہبود، پرانے شہر کی ترقی، تلنگانہ میں وقف جائیدادوں کا تحفظ، ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کو اسکالر شپ، اردو زبان کی بحیثیت دوسری سرکاری زبان عمل آوری، ریاست میں میڈیکل اور ہیلت کیئر کی صورتحال، عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر، آبپاشی پراجکٹس، آسرا پنشن کیلئے عمر کی حد میں کمی، بیروزگار نوجوانوں کیلئے الاؤنس، دلت بندھو کی طرح دیگر طبقات کیلئے معاشی اسکیم، کسانوں کے مسائل، مشن بھگیرتا، حیدرآباد میں حالیہ سیلاب کی صورتحال، مختلف اسکیمات کیلئے مرکز سے فنڈز کی عدم اجرائی، میٹرو ریل کاموں میں تاخیر، اردو ٹیچرس کے تقررات، سپریم کورٹ میں 4 فیصد تحفظات اور پرانے شہر میں سڑکوں کی تعمیر اور توسیع جیسے امور شامل ہیں۔ر