حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے مانسون سیشن میں ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ پر انتخاب کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا ۔ حکومت نے پارٹی وہپ رامچندر نائک کو ڈپٹی اسپیکر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مانسون سیشن کے دوران ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور رام چندر نائک کو واحد امیدوار کی حیثیت سے عہدہ کیلئے منتخب کیا جائے گا ۔ تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد سے اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ خالی ہے۔ اسپیکر کی حیثیت سے جی پرساد کمار کا انتخاب عمل میں آیا جو وقار آباد اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ سماجی انصاف کی برقراری کے تحت حکومت نے درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والے رام چندر نائک کو ڈپٹی اسپیکر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔1