مانسون میں موثر برقی سربراہی کو یقینی بنانے نوین متل کی ہدایت

   

عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس، گزشتہ سال کے مقابلہ برقی طلب میں 14 فیصد کا اضافہ، مشرف فاروقی و دیگر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی (سیاست نیوز) پرنسپل سکریٹری اینرجی نوین متل نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زرعی اور دیگر شعبہ جات کو مؤثر برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ نوین متل نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ مانسون سیزن میں برقی طلب میں غیر معمولی اضافہ سے نمٹنے کیلئے چوکس رہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال مانسون میں برقی طلب میں اضافہ ہوا ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ برقی طلب میں مزید اضافہ ہوگا۔ نوین متل نے سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں کمپنی کے مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی آئی اے ایس اور دوسروں نے شرکت کی۔ نوین متل نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزراء برقی شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کرچکے ہیں اور برقی سربراہی کو بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں صنعتی ، کمرشیل اور گھریلو شعبہ جات میں برقی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ زرعی شعبہ کو بلا وقفہ سربراہی کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت لاکھوں اگریکلچرل پمپ سیٹس کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 31 جولائی 2024 میں برقی طلب 13541 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی تھی جو جاریہ سال 16 جولائی کو بڑھ کر 15443 میگا واٹ ہوچکی ہے جو 14.05 فیصد کا اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں زرعی شعبہ کے لئے خاص طور پر دھان کی پیداوار کو برقی طلب میں اضافہ کا امکان ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت دی اور کسی بھی کٹوتی کے بغیر سربراہی جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مانسون سیزن میں تمام شعبہ جات کیلئے موثر سربراہی کو یقینی بنانا محکمہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنے دفاتر پر موجود رہیں اور بارش کے دوران برقی سربراہی کا جائزہ لیں۔ ویڈیو کانفرنس میں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے ڈائرکٹرس ڈاکٹر نرسمہلو ، چکراپانی ، کرشنا ریڈی کے علاوہ چیف انجنیئرس ، سپرنٹنڈنگ انجنیئرس اور ڈیویژنل انجنیئرس نے شرکت کی۔ 1