جاریہ سال اچھی بارش کا امکان ،ملک کیلئے نیک شگون : آئی ایم ڈی
نئی دہلی 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہفتہ کی تاخیر کے بعد مانسون کیرالا کے ساحل سے ہفتہ کے دن ٹکرا گیا۔ جس سے سارے ملک میں بارش کے 4 مہینوں کی سرکاری طور پر ابتداء ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر جنرل روتی انجئے میاپترا نے بتایا کہ مانسون نے آج کیرالا میں اپنی شروعات کردی ہے۔ کیرالا کے کئی حصوں میں معقول مقدار میں بارش برسنا شروع ہوگئی ہے۔ یہ خبر سارے ملک کے لئے نیک شگون ہے۔ کیوں کہ ملک کے ایک بڑے حصہ میں زرعی مصائب کا مشاہدہ کیا جارہا ہے اور پانی کے ذخائر کی سطح جنوبی اور مغربی ہندوستان میں بہت گھٹ چکی ہے۔ دیہی ہندوستان کا زیادہ تر حصہ مانسون کے 4 ماہ کی بارش پر انحصار کرتا ہے۔ یہ علاقہ سالانہ 75 فیصد بارش کے لئے ذمہ دار ہے۔ پانی کے متبادل وسائل کی قلت کے سبب یہ علاقہ بارش کے پانی پر موقوف ہے۔ ہندوستان کی خام گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں اچھے مانسون کا نمایاں حصہ ہوتا ہے اور اس کا راست اثر ہندوستان کی معیشت پر پڑتا ہے۔ شمالی ہند کے میدانی علاقہ، مرکزی ہندوستان اور جنوبی ہند کے بعض حصوں میں حصہ حرارت 45 درجہ سیلسیس درج کیا گیا لیکن راجستھان میں حرارت 50 درجہ تک بلند ہوگئی تھی۔