مانسون کی ملک کی مختلف ریاستوں میں پیشرفت جاری

   

حیدرآباد۔ جنوب مغربی مانسون وسطی بحیرہ عرب کے علاوہ مکمل ساحلی کرناٹک ‘ گوا ‘ مہاراشٹرا کے کچھ حصوں ‘ شمالی داخلی کرناٹک کے تمام علاقوں ‘ تلنگانہ کے کچھ حصوں ‘ آندھرا کے مزید کچھ علاقوں اور ٹاملناڈو کے کچھ علاقوں تک پہونچ گیا ہے ۔ وسطی خلیج بنگال میں بھی اس کا اثر دکھائی دے رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مانسون کی آمد کے اثرات ہرنائی ‘ شولا پور ‘ رائچور ‘ کرنول ‘ تروپتی ‘ کڈلور ‘ وغیرہ میں دیکھے جا رہے ہیں۔ امکان ہے کہ جنوب مغربی مانسون مزید وسطی بحیرہ عرب کے علاقوں کے علاوہ مہاراشٹرا کے مزید علاقوں تک اور کرناٹک و آندھرا پردیش ‘ تلنگانہ و ٹاملناڈو کے مابقی علاقوں تک آئندہ 24 گھنٹوں میں اچھی پیشرفت کریگا اور شمال مشرقی خلیج بنگال و شمال مشرقی ہندوستان میں بھی پیشرفت ہوگی ۔ تلنگانہ میں ہوا کے دباو میں کمی کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے جس کے اثر سے تلنگانہ میں تمام مقامات پر گرج چمک کا امکان ہے ۔ حیدرآباد میں بھی بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے ۔