مانسون کے باوجود برقی کی بلاوقفہ سربراہی کے کامیاب اقدامات

   

مشرف فاروقی نے کئی علاقوں کا دورہ کیا، اعلیٰ عہدیداروں کو روزانہ معائنہ کی ہدایت
حیدرآباد 5 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی آئی اے ایس نے دعویٰ کیاکہ مانسون سیزن کے باوجود برقی کی بلاوقفہ سربراہی جاری رکھنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر کسی علاقہ میں سربراہی میں خلل ہوتا ہے تو فوری طور پر بحالی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مشرف فاروقی نے عہدیداروں کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور برقی سربراہی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مشرف فاروقی نے ڈائرکٹر آپریشنس ڈاکٹر نرسمہلو اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ صبح 8 بجے جمخانہ اور سکندرآباد سرکل کے مختلف سلم علاقوں اور تنگ سڑکوں اور گلیوں کا دورہ کیا۔ مشرف فاروقی نے کمپنی کے سپرنٹنڈنگ انجینئرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ وقفہ وقفہ سے اپنے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ٹرانسفارمرس میں کسی بھی خرابی کا جائزہ لیں۔ اُنھوں نے گھریلو اور صنعتی صارفین کے لئے برقی سربراہی میں کسی بھی رکاوٹ کو دور کرنے کی ہدایت دی۔ مشرف فاروقی نے عوام سے ملاقات کی اور سربراہی کے سلسلہ میں معلومات حاصل کی۔ مشرف فاروقی نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ برقی کیبل اور وائرس پر نظر رکھیں تاکہ بارش میں کیبل کے متاثر ہونے سے عوام کو کوئی نقصان نہ پہونچے۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ لائن اور ٹرانسفارمرس کی درستگی کے کاموں کو انجام دیتے ہوئے بطور ثبوت فوٹو گرافس اعلیٰ عہدیداروں کو روانہ کریں۔ اُنھوں نے اسسٹنٹ انجینئرس سے کہاکہ وہ صبح 8 بجے سے ہر برقی کھمبے اور ٹرانسفارمر کا شخصی طور پر معائنہ کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ انجینئرس اور اسٹاف کی مسلسل مساعی کے نتیجہ میں 33kv اور 11kv نیٹ ورکس میں خامیوں کو دور کیا جاسکا ہے۔ تیز ہوا اور بارش کے نتیجہ میں درختوں کے برقی تاروں پر گرنے سے جن علاقوں میں سربراہی متاثر ہوئی اُنھیں انتہائی کم وقفہ میں درست کرتے ہوئے بحالی عمل میں لائی گئی۔ مشرف فاروقی نے کہاکہ مانسون سیزن کے دوران اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے روزانہ یا ایک دن کے وقفہ سے اچانک معائنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔1