مانسو ن2دن پہلے کیرالا پہنچ گیا‘عوام کو گرمی سے راحت

,

   

سمندری طوفان ریمل کا اثر، ریاست کے کئی شہروں میں شدید بارش

نئی دہلی: اتر پردیش اوربہار سے لے کر دہلی تک شدید گرمی کا سامناہے۔ پورا شمالی ہندوستان گرمی سے جھلس رہا ہے لیکن اب شدید گرمی سے راحت کی خبر آگئی ہے۔ کیرالا میں مانسون پہنچ چکا ہے۔ آئی ایم ڈی نے باضابطہ طور پر اس کا اعلان کیا۔ کیرالا میں مانسون وقت سے دو دن پہلے پہنچ گیا ہے۔ کیرالا کے کئی شہروں میں شدید بارش ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سمندری طوفان ریمل کی وجہ سے جمعرات کو جنوب مغربی مانسون کیرالاکے ساحل اور شمال مشرق کے کچھ حصوں میں وقت سے پہلے پہنچ گیا۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ مانسون یکم جون کو آئے گا۔ لیکن مانسون پیشین گوئی سے دو دن پہلے پہنچ گیا۔ مانا جا رہا ہے کہ مانسون 30 جون تک دہلی میں پہنچ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ 5 جون تک مہاراشٹرا تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق طوفان نے مانسون کے بہاؤ کو خلیج بنگال کی طرف کھینچ لیا۔ یہ شمال مشرق میں مانسون کی قبل از وقت آمد کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔ سمندری طوفان ریمل اتوار کو مغربی بنگال اور بنگلہ دیش کے ساحل سے ٹکرایاتھا جس کی وجہ سے بنگال سے بنگلہ دیش تک موسلادھار بارش ہوئی اور کئی لوگوں کی جانیں بھی گئیں۔