حیدرآباد : /7 جون (سیاست نیوز) شہر کے مانصاحب ٹینک علاقہ میں آج انجن آئیل سے لدی بڑی لاری الٹ جانے کے نتیجہ میں ٹریفک کئی گھنٹوں تک شدید متاثر ہوگئی جبکہ کئی موٹر سائیکل سوار گرکر زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح 5.30 بجے ٹسکر لاری ڈرائیور 18 ہزار لیٹر انجن آئیل تیماپور شمس آباد سے بالانگر صنعتی علاقہ منتقل کرنے کیلئے علاقہ مانصاحب ٹینک سے گزررہا تھا کہ جیسے ہی لاری این ایم ڈی سی کے قریب پہنچنے پر بے قابو ہوکر الٹ گئی ۔ اس لاری میں ہزار لیٹر کے 18 بیرلس موجود تھے اور الٹ جانے پر انجن آئیل سڑک پر پھیل گیا ۔ صبح کے وقت گزرنے والے موٹر سائیکل سوار سڑک پر بھاری مقدار میں موجود انجن آئیل سے بے خبر تھے اور ان کی موٹر سائیکلیں پھسل کر گرنا شروع ہوگئیں ۔ اس واقعہ میں کئی موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے ۔ لاری الٹ جانے کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ٹریفک گوشہ محل ، بی کوٹیشور راؤ اور ان کی ٹیم نے وہاں پہنچ کر ٹریفک کے رخ کو موڑ دیا ۔ اس حادثہ کے نتیجہ میں این ایم ڈی سی مانصاحب ٹینک اور آس پاس کے علاقوں میں ٹریفک شدید متاثر ہوگئی اور ٹریفک کے بہاؤ کو روک دیا گیا ۔ جی ایچ ایم سی کا ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ڈی آر ایف ) عملہ بھی حرکت میں آگیا اور سڑک پر موجود آئیل کو وہاں سے ہٹانے کیلئے کوششیں شروع کردیں ۔ جی ایچ ایم سی عملہ نے فوری طور پر متاثرہ سڑک پر مٹی اور ریتی پھیلادی تاکہ آئیل سے ہونے والے حادثات کو روکا جاسکے ۔ اس واقعہ کے پیش نظر تقریباً 5 گھنٹوں تک ٹریفک شدید طور پر متاثر رہی اور عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ لاری ڈرائیور کی اس لاپرواہی پر مانصاحب ٹینک پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور لاری بھی ضبط کرلی گئی ۔ ب