حیدرآباد، 26؍ فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں جاری قومی اردو سائنس کانگریس 2020 میں آج لیزر پر خصوصی سیشن منعقد کیا گیا۔ اس سال لیزر کے ایجاد کے 60 سال مکمل ہوئے۔ تھیوڈور میمن نے 1960 میں لیزر کو کارکرد کیا تھا اس سلسلہ میں یونیسکو کی جانب سے دنیا بھر میں لیزر کی سالگرہ تقاریب کے سلسلے میں 1000 پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ قومی اردو سائنس کانگریس میں منعقدہ اجلاس یونیسکو کے کیلنڈر کا حصہ ہے۔ آج اس سلسلہ میں تین لکچرس منعقد کیے گئے۔ پروفیسر زاہد حسین خان جو یونیسکو کے ہندوستان میں نیشنل نوڈ ہیں نے ’’بین الاقوامی یومِ نور‘‘ اور ’’لیزر کے 60 سال‘‘ پر ہو رہی یونیسکو کی تقاریب کے متعلق معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے لیزر کی اہمیت و افادیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک طبیعیات میں دیئے گئے نوبل انعامات میں سے 24 انعامات لیزر یا لیزر کی اساس ٹیکنالوجی کو دیئے گئے۔ ماہر امراض چشم ڈاکٹر عبدالمعز شمس نے صحت اور خصوصی طور پر آنکھوں کی صحت کے شعبہ میں لیزر کے استعمال پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر سید نجم الحسن، ڈاکٹر پریہ حسن اور مدثر راجہ، پی ایچ ڈی اسکالر نے لیزر کے عملی نمونے پیش کرتے ہوئے حاضرین کو محظوظ کیا۔