حیدرآباد۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) نظامت جسمانی تعلیم و کھیل کود، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام جاری پہلے آزاد راؤنڈ رابن لیگ کرکٹ ٹورنمنٹ میں میزبان ٹیم نے مسلسل دوسری کامیابی درج کی ہے ۔ ٹورنمنٹ کا دوسرا میچ مانو اور نوبل کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ نوبل کرکٹ کلب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور25 اوور میں157 رن اسکور کئے ۔ ندیم نے سب سے زیادہ 39، یٰسین اور روی کانت نے بالترتیب37 اور35 اسکور کیے ۔ لیگ اسپنر محمد رفیق خان نے مانو کے لیے 18 رن کے عوض3 وکٹ لیے ۔ مانو نے20 اوورس میں صرف 4 وکٹ پر160 رن بناتے ہوئے یہ میچ جیت لیا۔ محمد رفیق خان نے52 رنز اسکور کیے ۔ شاہد اور انور نے بالترتیب37 اور26 رنز اسکور کئے ۔ نوبل کلب کے فیروز نے 36 رن کے عوض 3 وکٹ حاصل کئے ۔