حیدرآباد، 3 ؍ نومبر (پریس نوٹ) :مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے سلسلے میں ہر سال کی طرح یوم آزاد تقاریب کا شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں آرہا ہے۔4؍نومبر کو افتتاحی تقریب مانو ماڈل اسکول فلک نما میں 10.30 بجے منعقد ہوگی۔ جناب سید امین الحسن جعفری،معزز رکن، تلنگانہ قانون ساز کونسل مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ محترمہ سیدہ سلویٰ فاطمہ، پائیلٹ، انڈیگو ائیر لائنز بحیثیت مہمانِ اعزازی شرکت کریں گی۔ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر 11؍ نومبر تک جاری رہنے والی تقاریب کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر کفیل احمد، پرنسپل کی قیادت میں اسکولی طلبہ رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کریں گے۔ ڈاکٹر محمد ظفر الدین، صدر نشین، یوم آزاد تقاریب انتظامی کمیٹی کے بموجب اردو یونیورسٹی میں مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر حیدرآباد میں واقع کیمپس اور ملک کے مختلف حصوں میں موجود دیگر کیمپس میں بڑے پیمانے پر مختلف ادبی اور ثقافتی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ مختلف ادبی اور ثقافتی تقاریب کے بعد قومی یومِ تعلیم کے موقع پر 11نومبر کو صبح 10.30 بجے ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں پروفیسررضوان قیصر‘شعبہ تاریخ و ثقافت، جامعہ ملیہ اسلامیہ، مولانا آزاد یادگاری خطبہ بعنوان ’’سیاست، تعلیم اور ثقافت: مولاناابوالکلام آزاد اور ہندوستانی قومیت کی تعمیر‘‘ پیش کریں گے۔4 سے 11 نومبر تک مانو کیمپس میں ہونے والے ادبی اور ثقافتی پروگراموں میں مولانا آزاد تصویری مقابلہ و نمائش، خون کا عطیہ کیمپ، بیت بازی، تحریری مقابلہ، مولانا آزاد :کتابوں کی نمائش، کوئز مقابلہ، مولانا آزد پر فلم اسکریننگ، آزاد واک، طلبہ کا کلچرل پروگرام رنگ ترنگ اور اسٹاف کے بچوں کے ثقافتی مقابلے شامل ہیں۔