دبئی ۔ 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے میڈیا کے وزیر نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن کے مطابق ولیعہد فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ خریدنے والے تھے۔ ٹوئٹر پر پھیلتی ہوئی خبروں کے مطابق محمد بن سلمان نے نامور برطانوی فٹبال ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ برطانوی اخبار دی سن کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان، جنھیں ایم بی ایس بھی کہا جاتا ہے، 3.8 ارب پاؤنڈ کی قیمت پر اس کلب کو خریدنے کے خواہاں ہیں۔ تاہم ولیعہد کے میڈیا کے وزیر ترکی الشبان نے ایک بیان میں کہا کہ کلب خریدنے کے بارے میں خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی سعودی پبلک اِنویسٹمنٹ فنڈ کے ساتھ اسپانسرشپ کے امکان کے بارے میں بات ہوئی تھی لیکن کوئی معاہدہ نہیں ہوسکا۔ 33 سالہ شہزادہ محمد بن سلمان جون 2017 میں ولیعہد نامزد ہوئے ۔ بیس مرتبہ انگلش پریمیر لیگ جیتنے والی یونائیٹڈ کے مالکان امریکی گلیزر خاندان ہیں جنھوں نے 2005 میں 79 کروڑ پاؤنڈز کے عوض اس کلب کو خریدا تھا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے ایک مداح براین نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ اگر یونائیٹڈ نے ٹیم سعودی شہزادے کو بیچی تو میں مداحوں کا حصہ نہیں بنوں گا۔ میں کھلاڑیوں سے بھی درخواست کروں گا کہ وہ نہ آئیں کیونکہ وہ ایک ایسی حکومت کی حمایت کریں گے جو کہ اپنی مرضی سے لوگوں کو قتل کرتی ہے۔ دوسری جانب ولیعہد کے ایک حامی نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ ایم بی ایس نے مانچسٹر یونائیٹڈ خرید کر خواتین کی ٹیم بند کر دینی ہے، وہ بیوقوف ہیں۔ ایم بی ایس نے کامیاب اصلاحات کے ذریعے خواتین ڈرائیورز پر پابندی ختم کی ہے۔ تو وہ خواتین کی ٹیم پر پابندی کیوں لگائیں گے؟ ٹویٹ کرنے سے پہلے اپنی تحقیق پوری کریں۔