ریونت ریڈی کا زوم میٹنگ میں جائزہ ، 19 اکٹوبر کو چارمینار پر ویرپاموئیلی کو تہنیت
حیدرآباد ۔ 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے آج زوم کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے حضورآباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کے انچارجس سے کانگریس کی انتخابی مہم پر تبادلہ خیال کیا اور پارٹی کے تمام قائدین بالخصوص انچارجس کو پارٹی کے امیدوار بی وینکٹ کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے پر زور دیا۔ اے آئی سی سی تلنگانہ امور کے انچارج ماکیم ٹیگور اتوار کی شام حیدرآباد پہنچیں گے۔ حیدرآباد میں شب بسری کے بعد پیر کی صبح کو حضورآباد کیلئے روانہ ہوں گے جہاں پر انتخابی مہم کے انچارجس اور پارٹی کے قائدین کا ایک جائزہ اجلاس طلب کریں گے اور پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کو طئے کریں گے اور اسی دن شام میں حیدرآباد واپس ہوں گے۔ دوسرے دن منگل کو چارمینار پر منعقد شدنی سدبھاؤنا پروگرام میں شرکت کریں گے جس میں کانگریس کے سینئر قائد سابق مرکزی وزیر ویرپا موئیلی کو تہنیت پیش کرتے ہوئے انہیں سدبھاونا ایوارڈ پیش کریں گے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ویرپاموئیلی کو پرانے شہر کی ایک ہوٹل میں اسی دن لنچ کا اہتمام کیا ہے جس میں پارٹی کے مخصوص قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ ن