مانک بھٹاچاریہ نے ایک خفیہ محکمہ بنا رکھا تھا: ای ڈی

   

اساتذہ تقرری گھوٹالہ

کلکتہ : اساتذہ تقرری گھوٹالہ کی جانچ کررہی ای ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ بورڈ آف پرائمری ایجوکیشن میں ایک خفیہ محکمہ تھاجس کو کنٹرول بورڈ کے اس وقت کے صدر مانک بھٹاچاریہ کرتے تھے ۔کونسل کا خفیہ محکمہ ٹیٹ کنفیڈینشل کے نام سے جاناجاتا تھا۔اس ادارے کے نام پر کئی بلینک چیک جاری کیا گیا تھا ۔مانک بھٹا چاریہ خود اسے کسی نامعلوم پتے پر بھیجتے تھے ۔ ای ڈی نے حال ہی میں اساتذہ تقرری بدعنوانی معاملے میں عدالت میں پانچویں اضافی چارج شیٹ پیش کی ہے ۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا کہ بورڈ کے عملے سے پوچھ گچھ کے ذریعے مانک کے بارے میں کئی معلومات ملی ہیں۔ کونسل کے عملہ نے ای ڈی کو بتایا کہ بورڈ کے چیئرمین بننے کے بعد مانک نے محکمہ کے کئی اصولوں کو تبدیل کردیا تھا۔ دفتر کے کئی کام وہ زبانی ہدایات دیا کرتے تھے ۔ زیادہ تر مقدمات میں کوئی دستاویزی ثبوت نہیں تھا۔ای ڈی نے بورڈ کے خفیہ محکمے کے بارے میں جاننے کے لیے دو کارکنوں ارنب بوس اور گوتم پٹنڈ سے پوچھ گچھ کی۔ ارنب بورڈ آف پرائمری ایجوکیشن کا کنٹریکٹ ملازم تھا۔ مانک اسے زبانی ہدایات دیتا تھا۔ ای ڈی کو پوچھ گچھ کرنے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ مانک بھٹا چاریہ کے صدر بننے سے پہلے پرائمری ایجوکیشن بورڈ میں کوئی زبانی ہدایت نہیں تھی۔ عملے کو فائلوں کے ذریعے دستاویزی شکل دینے کی ہدایات دی گئیں۔ لیکن مانک کے آنے کے بعد اس نے اس کو روک دی۔