تشہیری پوسٹر کی اجرائی، اضلاع سے عوام کی شرکت
حیدرآباد۔5۔مئی (سیاست نیوز) اے آئی سی سی سکریٹری مانک راؤ ٹھاکرے نے آج صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ سرورنگر اسٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے پرینکا گاندھی کے 8 مئی کے جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ ، سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی ، صدر یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے اس موقع پر جلسہ عام کا تشہیری پوسٹر جاری کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں کو حوصلہ دینے کیلئے یہ جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے۔ پرینکا گاندھی نوجوانوں کو پیام دیں گی کہ پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے تقررات کے نام پر وعدہ خلافی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں شکست کے خوف سے بی جے پی ملک کے مختلف علاقوں میں کانگریس دفاتر کے روبرو احتجاج کر رہی ہے ۔ انہوں نے بنڈی سنجے اور کشن ریڈی سے کہاکہ اس طرح کی حرکتوں سے اپنا وقار مجروح نہ کریں۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ اطراف کے اضلاع سے بڑی تعداد میں طلبہ اور نوجوان شرکت کریں گے۔ اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر انچارجس کا تقرر کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں گاندھی بھون میں مانک راؤ ٹھاکرے نے اجلاس طلب کیا جس میں انچارج سکریٹری روہت چودھری اور دیگر قائدین نے شرکت کرتے ہوئے 8 مئی کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کیا ۔ر