مان دھن پنشن یوجنا کیلئے کسانوں کے ناموں کا اندراج

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔9اگست (سیاست ڈاٹ کام)ملک میں دو ہیکٹیئر تک زمین رکھنے والے کسانوں کو ساٹھ سال بعد پنشن کی سہولت دینے کے لئے وزیر اعظم کسان مان دھن پنشن یوجنا کے خاطر آج سے اندراج کا کام شروع ہوگیا۔ وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے یہاں پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور غریب کسان زندگی پرکھیتی باڑی کرتے ہیں اور آخرمیں ان کے پاس کچھ نہیں بچتا ہے جس کی وجہ سے ایسے لوگوں کو سوشل سیکورٹی دینا ضروری ہوگیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت کسانوں کو ساٹھ سال کی عمر کے بعد فی ماہ 3000 روپے کا پنشن ملے گا۔اگر کسی کسان کی موت ہوجاتی ہے تو اس کی بیوی کو 1500روپے ماہانہ پنشن ملے گا۔ نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ کوئی بھی زمین رکھنے والا کسان 18 سال سے 40سال تک کی عمر میں اس اسکیم میں شامل ہوسکتا ہے ۔ اٹھارہ سال کی عمر والے کسانوں کو فی ماہ 55 روپے اور چالیس سال کی عمر والے کسانوں کو فی ماہ 200روپے پریمیم دینا ہوگا اور اتنا ہی رقم حکومت اس میں جمع کرے گی۔ یہ رضاکارانہ اسکیم ہے اور کوئی کسان درمیان میں اس اسکیم سے نکلنا چاہے گا تو اس کی جمع رقم کو سود سمیت لوٹایاجائے گا۔ ا س اسکیم کے تحت پانچ سال تک مسلسل پریمیم دینا ہوگا اس کے بعد ہی اس سے الگ ہوا جاسکتا ہے ۔