مان کے بیانات حقیقت نہیں محض اعلانات ہیں

   

پھگواڑہ : بی جے پی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے سابق رکن اویناش رائے کھنہ نے ہفتہ کو پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے بیانات محض اعلانات ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اس کے ساتھ انہوں نے عام آدمی پارٹی سپریمو اروند کجریوال کی پنجاب پولیس کی سیکورٹی واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اس کا واضح ثبوت قرار دیا۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کھنہ نے آپ حکومت کو نشانہ بنایا، خاص طور پر بھگونت مان کے پنجاب میں وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کے وعدوں کو۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مان نے اقتدار حاصل کرنے کیلئے وی آئی پی کلچر کے خاتمہ کے بلند و بانگ اعلانات کرکے پنجاب کے عوام کو گمراہ کیا لیکن وزیر اعلیٰ بنتے ہی اپنا موقف بدل لیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے بھگونت مان بھاری پولیس سیکوریٹی، گاڑیوں کے لمبے قافلوں اور ہیلی کاپٹروں کے استعمال پر تنقید کرتے تھے ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ اب وہ انہی طریقوں میں مصروف ہے جن کی اس نے کبھی مذمت کی تھی۔ بھگونت مان پر اروند کجریوال کی کٹھ پتلی ہونے کا الزام لگاتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ پنجاب حکومت پوری طرح سے کجریوال کے زیر اثر چل رہی ہے ۔
انہوں نے ایک مثال کے طور پر کجریوال کو دی گئی پنجاب پولیس کی سیکوریٹی کا حوالہ دیا، جسے حال ہی میں الیکشن کمیشن نے واپس لے لیا تھا۔ کھنہ نے خبردار کیا کہ بھگونت مان کے مبینہ ’غیر آئینی‘ اور ’آمرانہ‘ فیصلوں پر پنجاب کے لوگوں کا دھیان نہیں گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام آپ حکومت کو مسترد کر کے منہ توڑ جواب دیں گے ۔