تین لیاپ ٹاپس، ممنوعہ لٹریچر، پن ڈرائیو وغیرہ ضبط
حیدرآباد 12 نومبر (سیاست نیوز) ایل بی نگر پولیس نے ایک ماؤسٹ جوڑے کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے ایل بی نگر پولیس کے ساتھ کارروائی میں 54 سالہ نرلہ روی شرما اور ان کی بیوی 56 سالہ بی انورادھا کو گرفتار کرلیا۔ ضمانت پر رہائی کے بعد یہ جوڑا حیدرآباد کے علاقہ منصورآباد میں قیام پذیر تھا۔ روی شرما کا شمار مخالف ہندو فسطائی طاقتوں کے خلاف محاذ تیار کرنے والوں میں ہوتا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ یہ لوگ ماؤسٹ سرگرمیوں میں شدت کے ساتھ ملوث ہیں۔ پولیس کی خصوصی ٹیم نے شرما کے مکان سے لیاپ ٹاپ، میموری کارڈ پن ڈرائیو اور ماؤسٹ لٹریچر ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس پر جون 2019 ء سے موجودہ مکان سے ماؤسٹ سرگرمیوں کو چلانے کا بھی الزام ہے۔ روی شرما عرف راہول کا تعلق کلور ناگر کرنول سے بتایا جاتا ہے جنھوں نے سال 1984 ء تا 1986 ء کے دوران اگریکلچرل یونیورسٹی سے گریجویٹ کیا اور اس دوران میکالہ دامودر ریڈی عرف مدن سے ان کی پہچان ہوئی اور دونوں شہروں کے لئے پی ڈبلیو جی کے لئے کام کرنے لگا۔ اس دوران آر ایس یو کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے راہول کا انتخاب عمل میں آیا۔ سال 1988 ء میں راہول دو مقدمات میں گرفتار کرلیا گیا۔ آر ٹی سی بس کو نذر آتش کرنے کے سعیدآباد اور میرچوک پولیس کے مقدمات گرفتار ہوا۔ سال 1992-93 ء میں انھوں نے سی آر آئی ڈی اے میں خدمات انجام دیں جس کے بعد 1998 ء سے یہ روپوش ہوکر خدمات انجام دینے لگا۔ سال 2016 ء میں روی شرما کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی۔ 21 جولائی 2018 ء تا 6 اگسٹ 2018 ء راہول اپنی بیوی کے ساتھ روپوش رہا۔