ماویسٹوں سے روابط کے الزام میں پروفیسر سائی بابا خدمات سے برطرف، رکن راجیہ سبھا کیشو راؤ نے ضمانت پر رہائی کا مطالبہ کیا

   

حیدرآباد۔ ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا اور قائد پارلیمانی پارٹی ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے ماویسٹوں سے روابط کے الزام میں ناگپور جیل میں محروس پروفیسر سائی بابا کو خدمات سے برطرف کرنے کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے پروفیسر سائی بابا کو دہلی یونیورسٹی میں خدمات سے برطرف کرنے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ الزامات پر تحقیقات جاری ہیں رام لال آنند کالج میں پروفیسر سائی بابا کی خدمات کو ختم کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کئی ایسے پروفیسرس کو عدالتوں کی جانب سے بے قصور قراردیا گیا تاہم عجلت میں لئے گئے فیصلہ کے سبب انہیں ملازمت سے محروم ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ سائی بابا کو ملازمت سے برطرف کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے گذشتہ ماہ مرکزی وزیر داخلہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سائی بابا کو خرابی صحت کی بنیاد پر جیل سے رہا کرنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سائی بابا کو معذوری کے باوجود جیل میں محروس رکھنا ٹھیک نہیں ہے۔ ان کے بہتر علاج اور زندگی کے تحفظ کیلئے ضمانت پر رہا کیا جائے اور کالج میں ملازمت بحال کی جائے۔