ماویسٹ لیڈر ہری بھوشن کی بیوی شارادا کا ڈی جی پی کے روبرو خود سپردگی

   

معاشی ابتری پر پانچ لاکھ روپیوں کی امداد ، مہیندر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : /17 ستمبر (سیاست نیوز) ٹاپ مہلوک ماؤسٹ لیڈر ہری بھوشن کی بیوی شارداکا عرف جے ساماکا نے ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر ایم مہندر ریڈی کے سامنے خودسپردگی اختیار کرلی ۔ وہ بھدرادری کتہ گوڑم ڈیویژن کی کمیٹی ممبر ہے ۔ اس سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہندر ریڈی نے کہا کہ مہلوک ماؤسٹ لیڈر ہری بھوشن نے شارداکا کو بچپن میں ہی ماؤسٹ پارٹی میں شامل کروایا تھا اور اس خاتون ماؤسٹ کا تعلق ضلع محبوب آباد کے ضلع گنگارام سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہری بھوشن نے شارداکا سے سال 1995 ء میں شادی کی تھی اور اس ضمن میں پارٹی ہائی کمان سے اجازت حاصل کی تھی ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ سال 2008 ء میں شارداکا نے ورنگل پولیس کے روبرو خودسپردگی اختیار کی تھی اور سال 2011 ء تک وہ عام انسان کی طرح زندگی گزار رہی تھی ۔ شارداکا نے دوبارہ ماؤسٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی کیونکہ ہری بھوشن نے ایک دوسری خاتون سے شادی کرنے کی بات بتائی تھی ۔ لیکن ہری بھوشن کورونا وائرس سے ہلاک ہوگیا تھا ۔ مہندر ریڈی نے کہا کہ شارداکا کو 5 لاکھ کی مالی امداد دی جارہی ہے چونکہ کورونا وائرس وباء کے پیش نظر اس کی معاشی حالت بہت متاثر ہوگئی ہے ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ شارداکا ماؤسٹ پارٹی سے ناراض ہے کیونکہ اس کے شوہر کو کورونا وائرس ہونے کے باوجود بھی بہتر علاج نہیں کروایا گیا اور تقریباً 10 ماؤسٹ اس مہلک وائرس کا شکار ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی ماؤسٹ پارٹی کا رکن پولیس کے سامنے خودسپرد ہوجاتا ہے وہ ان کی مکمل طور پر مدد کریں گے ۔B