ماڈرن ہاکی میں فٹنس کا اہم رول: نوجوت کور

   

بنگلور۔16 مئی ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کی فارورڈ نوجوت کور کا خیال ہے کہ فٹنس ہاکی میں اہم رول ادا کرتا ہے اور فٹ رہنے سے کھلاڑی میچ میں توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔نوجوت نے انسٹاگرام لائیو سیشن میں ٹیم کے سائنٹیفک مشیر وائینے لومبارڈ کے ساتھ فٹنس سیشن پر تبادلہ خیال کیا اور کچھ ورزش بھی کیں۔ اس سیشن کا مقصد لاک ڈاؤن کے دوران نوجوت کا فٹنس کو بہتر بنانے اور بنگلور میں واقع اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی ) کیمپس میں سماجی فاصلے کے درست طریقے سے عمل کو یقینی کرنا تھا۔25 سالہ نوجوت نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ماڈرن ہاکی میں فٹنس اہم رول ادا کرتا ہے۔اگر کھلاڑی فٹ رہیں گے تو وہ میدان پر درست طریقے سے کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں گے اور پورے 60 منٹ تک توقع کے مطابق پیش کریں گے۔