ریاض ۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )گولف کے عالمی مقابلوں میں التلمسانی خاندان کے تین افراد شرکت کر رہے ہیں۔ ماں، بیٹی اور بیٹا سعودی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔تفصیلات کے مطابق رغدہ العیساوی نے کہا ہے کہ میرے لیے یہ بڑے فخرکی بات ہے کہ اپنی بیٹی اور بیٹے کے ساتھ بیرون ملک گولف ٹورنمنٹ میں وطن کی نمائندگی کروں۔ رغدہ العیساوی نے کہا ہے کہ گولف کی تعلیم کنگ عبداللہ اکنامک سٹی کے کلب اور رائل گرینز گولف فیلڈ میں حاصل کی ہے۔ رغدہ العیساوی نے مزید کہا پہلی مرتبہ گولف ٹورنمنٹ میں مصر میںحصہ لیا تھا۔ سب نے ہماری حوصلہ افزائی کی۔ مجھے یقین ہے سعودی عرب میں گولف کا مستقبل روشن ہے۔ سولہ سالہ لیلی تلمسانی نے کہا ہے سعودی عرب کی پہلی پیشہ ورگولف کھلاڑی بنا میرا خواب ہے۔ گولف کورس میں موجودگی کے دوران اندرونی خوشی ملتی ہے۔ التلمسانی خاندان نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب کے دیگر گھرانے بھی اس میں حصہ لیں اور اس سے لطف اٹھائیں۔ خاندان کے سربراہ محمد التلمسانی نے کہا مجھے گولف سے پیار ہے۔ ا س کی بدولت اپنا اچھا وقت اپنے افراد خاندان کے ساتھ گزارپاتا ہوں۔ ہم سب موبائل سے آزاد ہوکرگولف کی پریکٹس کرتے ہیں۔میری بیٹی لیلی ، بیٹا عمر اور بیوی رغدہ سب گولف کے دیوانے ہیں۔