ماں اور بہن کے آنچل کا سہارا لینے والے نقصان نہیں پہنچاسکتے: مودی

,

   

بیروزگار نوجوان ایک دن مودی کو ڈنڈے ماریں گے ، راہول گاندھی کے ریمارک پر وزیراعظم کا ردعمل

کھوکرا جھار 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راہول گاندھی پر شدید تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ جو شخص ماں اور بہن کے آنچل کا سہارا لیتا ہے وہ نقصان نہیں پہنچاسکتا۔ راہول گاندھی نے دہلی میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں بیروزگاری، معیشت کی تباہی کے حوالہ سے وزیراعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ صرف چار پانچ مہینے کے اندر ملک کے بیروزگار نوجوان وزیراعظم مودی کو ’’ڈنڈے‘‘ ماریں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کھوکرا جھار میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی کے خلاف ریمارک کیاکہ جو لوگ ماؤں اور بہنوں کا سہارا لیتے ہیں وہ بے ضرر ہوتے ہیں۔ اِس ریمارک پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی جاری رہی۔ راہول گاندھی اور مودی کے خلاف حکمراں پارٹی اور اپوزیشن بنچوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مودی نے راہول گاندھی کا نام لئے بغیر جلسہ عام میں کہاکہ کچھ لوگ کسی کا کچھ نقصان نہیں پہنچاسکتے کیوں کہ وہ خود کسی کے سہارے جیتے ہیں۔ وزیراعظم نے کل لوک سبھا میں راہول گاندھی پر طنز کرتے ہوئے ریمارک کیا تھا کہ ٹیوب لائٹ دیر سے کھلتی ہے۔ وزیراعظم کے بیان کے دوران راہول گاندھی نے نشست سے اُٹھ کر مودی کی توجہ بیروزگاری کی طرف مبذول کرائی تھی۔ اِس پر مودی نے کہاکہ میں 30 ، 40 منٹ سے تقریر کررہا ہوں ، کسی نے کچھ نہیں کہا اب اچانک ٹیوب لائٹ کی طرح کھل رہے ہیں۔ اِس ریمارک پر راہول گاندھی نے آج کہاکہ مودی کا یہ ریمارک وزارت عظمیٰ کے شایان شان نہیں ہے۔ عام طور پر وزیراعظم کا عہدہ اور وقار محترم ہوتا ہے خاص کر وہ پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں تو اِن کا طرز تخاطب معتبر اور باوقار ہوتا ہے لیکن مودی نے وزیراعظم کے عہدہ کا لحاظ نہیں رکھا۔ پارلیمنٹ میں اِس مسئلہ پر بی جے پی اور کانگریس کے چند ارکان نے شوروغل کیا۔ خاص کر اُس وقت جب وزیر صحت ہرش وردھن نے راہول گاندھی کے ریمارک کو بچکانہ قرار دیا۔ وردھن نے کہاکہ کانگریس لیڈر کے والد راجیو گاندھی بھی وزیراعظم تھے۔ کسی نے اِن پر اس طرح کا ریمارک نہیں کیا۔ راہول گاندھی نے بعدازاں الزام عائد کیاکہ لوک سبھا میں انھیں حکومت سے سوال کرنے نہیں دیا جارہا ہے۔