حیدرآباد ۔ 11 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) محبوب نگر کی عدالت نے ماں اور بیٹی کا قتل کرنے والے درندہ صفت انسان کو عمرقید کی سزاء سنائی ہے جس نے جون 2018 ء میں اس کی حقیقی ماں اور حقیقی بیٹی دونوں کا قتل کیا تھا ۔ عدالت نے کڑتال پولیس کی جانب سے داخل کردہ چارج شیٹ پر اپنا فیصلہ سنایا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد مسٹر پرکاش ریڈی کی خصوصی دلچسپی کے سبب اس کیس میں کڑتال پولیس کی جانب سے ٹھوس شواہد کو اکٹھا کرتے ہوئے مکمل چارج شیٹ کو داخل کیا گیا ہے ۔ عدالت نے 30 سالہ ایس نرسمہا کو عمرقید کی سزاء اور 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ہے۔خاطی شخص سال 2015 ء میں اس کی بیوی کے قتل کیس میں بھی ملوث بتایا گیا ہے جس میں اس کو ضمانت منظور ہوئی تھی ۔ کڑتال کے ایس سی کالونی کا ساکن نرسمہا عادی مجرم بتایا گیا ہے جو شراب کے نشہ کا عادی اور بری عادتوں کا شکار تھا ۔ 14 جون 2018 ء کے دن وہ شام 4 بجے اپنے مکان پہونچا اور شراب پینے کیلئے والدہ سے رقم طلب کی جس پر اس کی والدہ سوکماں نے اُسے رقم دینے سے انکار کردیا جس پر اس نے جھگڑا کرتے ہوئے اس کی والدہ پر وزنی شئے سے حملہ کرتے ہوئے اسے قتل کردیا ۔ اس دوران اس کی 4 سالہ بیٹی سامنے آئی اور اس درندے نے اس کو بھی ہلاک کردیا ۔ پولیس نے 18 جون 2018ء میں اسے گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا تھا اور آج عدالت میں اس کیس کے تعلق سے چارج شیٹ کو داخل کردیا تھا۔ معزز عدالت نے اس درندہ صفت انسان کو عمرقید کی سزاء سنائی ہے ۔