’’صحت مند رہنے کیلئے آٹھ گھنٹے کام کرنا کافی ہے‘‘
ممبئی ، 15 نومبر (ایجنسیز) دپیکا پڈوکون نے کہا ہے کہ ماں بننے کے بعد ان کی زندگی بدل گئی ہے اور اب وہ سمجھتی ہیں کہ صحت مند رہنے کیلئے روزانہ آٹھ گھنٹے کام کرنا کافی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم ’اوور ورکنگ‘ کو کمٹمنٹ سمجھ لیتے ہیں حالانکہ بہت زیادہ کام کرتے ہوئے تھکن کا شکار ہوجانا کسی کیلئے فائدہ مند نہیں ہوتا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں میزبان کے سوال پر کہ کیا ماں بننے کے بعد ان کی زندگی بدلی ہے، دپیکا نے کہا: سو فیصد۔ جب مائیں کہتی ہیں کہ ماں بن کر سمجھ آئے گا تو یہ واقعی سچ ہے۔ اب مجھے اپنی ماں کی بہت زیادہ قدر معلوم ہوتی ہے۔ دپیکا نے کہا کہ نئے والدین، خاص طور پر ماؤںکو کام کے دوران سپورٹ ملنی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے اپنے دفتر میں صرف پیر سے جمعہ تک آٹھ گھنٹے کام کیا جاتا ہے، ساتھ ہی میٹرنٹی اور پٹرنٹی پالیسیاں بھی موجود ہیں۔ دپیکا نے کہا کہ کام کی جگہوں پر بچوں کو لانے کی روایت کو بھی نارمل ہونا چاہیے۔ دپیکا نے 2024 میں بیٹی (دعا) کو جنم دیا تھا جس کے بعد ان کے ورکنگ آورز کے مطالبے اور ورک لائف بیلنس کے اصولوں پر عمل کرنے سے متعلق خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں۔