ماں تجھے سلام …دھوپ کی شدت سے معصوم کا بچاؤ

   


حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد میں دھوپ کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے لیکن غریب لوگوں کیلئے دھوپ ہو یا بارش یاپھر سردی کام تو کرنا پڑتا ہے۔ ایسی ہی ایک ماں پر ہماری نظر پڑی جو عنبر پیٹ کی سڑکوں پر رکشہ میں کچرے کو منتقل کرتے ہوئے نظر آئی۔ رکشہ میں کچرے کو منتقل کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے مگر اس خاتون کی خاص بات یہ ہے کہ ایک تو وہ غریب ہے اور ننھے بچہ کی ماں ہے، اپنا اور اپنے ارکان خاندان کا پیٹ بھرنے کیلئے اس کو گھر سے باہر نکلنا ضروری ہے کیونکہ اس کے پاس کوئی دوسرا نہیں ہے۔ اس خاتون نے ایک پرانی ساڑی کو جھولا بناکر رکشہ کے اسٹانڈ میں لگایا اور معصوم کو اس جھولے میں سلاتے ہوئے اس کو دھوپ کی شدت سے بچانے اُس پر چھتری کا سایہ فراہم کردیا۔ ماں بالآخر ماں ہوتی ہے، خود تکالیف برداشت کرسکتی ہے مگر اپنے بچوں کی حفاظت کیلئے ہر وہ کام کرتی ہے جو اس غریب خاتون نے کیا ہے۔