ماں نے بیٹی کے قتل کی سپاری دی ‘ بیٹی نے شادی کی پیشکش کی ‘ ملزم نے ماں کو قتل کردیا

   

نئی دہلی : ایک ماں نے اپنی بیٹی کے قتل کی سپاری دی ۔ بیٹی نے حملہ آور کو شادی کی پیشکش کی اور ملزم نے ماں کو قتل کردیا ۔ یہ واقعہ اترپردیش کے ایٹاہ ضلع میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب 42 سالہ الکار دیوی نے اپنی بیٹی کے افئیر پر ناراض ہوتے ہوئے ایک شخص کو اس کے قتل کی سپاری دی تاہم یہ سپاری اس کے ہی قتل کی وجہ بن گئی ۔ حیرت انگیز واقعات میں سپاری لینے والا ملزم سبھاش ہی در اصل مقتولہ کی بیٹی کا عاشق تھا ۔ بیٹی نے عاشق کو شادی کی پیشکش کی اور شرط رکھی کہ اس کی ماں کو قتل کردیا جائے ۔ عاشق نے ماں کا قتل کردیا ۔ یہ واقعہ 6 اکٹوبر کو منظر عام پر آیا جب الکا کی نعش ایک کھیت میں پائی گئی ۔ کہا گیا کہ 5 اکٹوبر کو الکا دیوی ایٹاہ ضلع گئی ۔ جب وہ شام تک واپس نہیں آئی تھی اس کے شوہر رما کانت نے موبائیل پر کال کیا ۔ فون بند تھا ۔ اس نے اپنی بیوی کا اتہ پتہ چلانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا ۔ تاہم اتوار کی شام اسے پولیس سے فون آیا کہ وہ ایک نعش کی شناخت کرے ۔ نعش الکا دیوی کی تھی ۔ شناخت کے بعد نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ۔ الکا کے شوہر نے اکھیلیش اور انی کیت نامی افراد پر شبہ کیا ۔ ان دونوں پر الکا کی دختر کے اغواء کا الزام تھا ۔ اکھیلیش کو پولیس نے گرفتار کرکے الکا کی بیٹی کو بچا لیا تھا ۔ الکا دیوی اس واقعہ سے خوفزدہ ہوگئی اور اس نے بیٹی کو اپنے مائیکے سکندرپور خاص فرخ آباد روانہ کردیا ۔ وہاں اس لڑکی کے 38 سالہ سبھاش نامی شخص سے تعلقات بن گئی جو پہلے ہی 10 سال جیل کی سزا کاٹ چکا تھا ۔ الکا اپنی بیٹی کے معاشقوں سے پریشان تھی ۔ اس نے بیٹی کے قتل کا منصوبہ بنایا ۔ اس نے سبھاش کو قتل کے بدلے 50 ہزار کی پیشکش کی۔ اسے پتہ نہیں تھا کیہ سبھاش ہی اس کی بیٹی کا عادق ہے ۔ سبھاش نے بیٹی کو سارا منصوبہ بتایا اور بیٹی نے اس کے بدلے پیشکش کی کہ اگر اس کی ماں کو قتل کردیا گیا وہ سبھاش سے شادی کرلے گی ۔ انہوں نے پھر منصوبہ تیار کرتے ہوئے الکا کو آگرہ طلب کیا ۔ وہاں سے بیٹی کے ساتھ اس سے ملاقات کی ۔ پھر وہ ایٹاہ گئے ۔ وہ علی گنج پہونچے اور الکار کو نگلا چندن لے گئے جہاں اسے قتل کردیا گیا ۔ خاتون کا گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ۔ بیٹی اور اس کے عاشق کو گرفتار کرلیا گیا۔