ماں چار سالہ بیٹی کو آٹو میں بھول گئی ‘ ایک گھنٹہ میں پتہ چلالیا گیا

   

سدی پیٹ 2 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) لا پرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک خاتون اپنی چار سالہ لڑکی کو آٹو ہی میں بھول کر اتر گئی ۔ بعد میں پولیس نے اندرون ایک گھنٹہ اس لڑکی کا پتہ چلالیا ۔ تفصیلات کے بموجب سنجیویا نگر کی ساکن خاتون کنکوا کسی کام کے سلسلہ میں بینک گئی تھی ۔ وہاں اپنا کام مکمل کرنے کے بعد وہ اپنی دختر سامنتا کے ساتھ ایک پاسنجر آٹو میں سوار ہوگئی اور واپس سنجیویا نگر پہونچی ۔ وہاں وہ آٹو رکشا سے خود تو اتر گئی لیکن لڑکی کو آٹو ہی میں بھوک گئی ۔ آٹو ڈرائیور بھی وہاں سے روانہ ہوگیا ۔ جیسے ہی کنکوا کو یہ خیال آیا کہ اس کی لڑکی اس کے ساتھ نہیں ہے تو اس نے فوری پولیس سے رجوع کیا ۔ قریب میں ڈیوٹی انجام دے رہے ہیڈ کانسٹیبل کنکیا اور کانسٹیبل شمس الدین نے فوری آٹو رکشاء کی تلاش شروع کردی ۔ ایک گھنٹے اندر انہیں پتہ چلا کہ ایک لڑکی کو لے کر آٹو رکشا میدک روڈ پر جار ہا ہے ۔ انہوں نے فوری اس کا پتہ چلا کر لڑکی کو دستیاب کرلیا اور اس کی ماں کے حوالے کردیا ۔ کنکوا نے بروقت مدد کرنے اور لڑکی کا پتہ چلانے پر پولیس سے اظہار تشکر کیا ۔