ماں کا قتل کرنے والی بیٹی عاشقوں کے ساتھ گرفتار

   

ناجائز تعلقات کو چھپانے کی کارستانی کا عبرتناک انجام ، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ کا بیان
حیدرآباد /31 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) عاشق سے شادی اور ناجائز تعلقات کو چھپانے کیلئے والدہ کا قتل کرنے والی بیٹی اور اس کے دونوں عاشقوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ یاد رہے کہ گذشتہ دنوں حیات نگر پولیس نے قاتل بیٹی کی شکایت پر سننی خیز قتل کا انکشاف کیا تھا اور اس سلسلہ میں تمام ثبوتوں کی بنیاد پر پولیس نے 19 سالہ کیرتی 28 سال شنی کمار اور 23 سالہ بال ریڈی کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے اس قتل کے پس پردہ حقیقت کا خلاصہ کرتے ہوئے تین کی گرفتاری کا اعلان کیا ۔ 19 اکٹوبر کو 38 سالہ رجیتا کا قتل ہوا تھا اور 26 کو ان کی قاتل بیٹی نے پولیس میں والدہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی ۔ رجیتا اور سرینواس ریڈی جو مناگور ولیج کے ساکنان تھے ان کی اکلوتی بیٹی کیرتی ہے ۔ جو بی ایس سی مائیکرو بائیولوجی زیر تعلیم ہے ۔ قتل کی سازش کا اصل سرغنہ شنی کمار اس کے پڑوسی میں رہتا تھا ۔ جبکہ کیرتی کا عاشق اس کے مکان سے تھوڑی دور کے فاصلہ پر رہتا تھا ۔ بال ریڈی کی بہن شلپا سے کیرتی کی دوستی تھی اور اس بہانہ کیرتی روزانہ بال ریڈی کے مکان جایا کرتی تھی ۔ اور اس درمیان دونوں کی دوستی ہوگئی اور یہ دوستی محبت میں بدل گئی اور دونوں نے افراد خاندان کو راضی کرتے ہوئے شادی کا ارادہ بھی کرلیا تھا ۔ دونوں کی زندگی اس مرحلہ تک درست تھی تاہم بہت زیادہ قربت نے جنسی تعلقات کو ہوا دے دی اور دونوں میں جنسی تعلقات پیدا ہوگئے ۔ اس دوران کیرتی حاملہ ہوگئی اور دونوں نے ابارشن کروانے کا فیصلہ کیا ۔ اس مرحلہ کے بعد کیرتی کی زندگی میں تباہی کی شکل میں اس کا پڑوسی ساتھی شنی کمار داخل ہوا ۔ کیرتی نے شنی کمار کی مدد حاصل کرتے ہوئے اس کی والدہ سے اجازت لی اور سنگاریڈی تقریب میں شرکت کے بہانے آمنگل کے ایک خانگی ہاسپٹل میں ابارشن کروایا ۔ دو تا تین دن گذارنے کے بعد یہ لوگ اپنے مکان آگئے

اور ایک ماہ کا عرصہ گذرنے کے بعد شنی کمار نے کیرتی کو بلیک میل کرنا شروع کردیا ۔ ابارشن کی اطلاع کیرتی کی والدہ کو دینے کی دھمکی دے کر اس نے اپنے مطالبات پیش کئے اور کیرتی کو جنسی خواہش پوری کرنے کیلئے دباؤ ڈالنے لگا ۔ شنی کمار کے دباؤ کے آگے کیرتی مجبور ہوگئی اور اس نے شنی سے جنسی تعلقات قائم کرلئے ۔ دونوں کے میلاپ کے وقت کی سلفی تصاویر کو حاصل کرتے ہوئے شنی کمار نے دوبارہ بلیک میل کرنا شروع کردیا اور اب ہمبستری کے ساتھ ساتھ 10 لاکھ روپئے کا مطالبہ کرنے لگا اور تمام ثبوت کو مٹانے اور راز کو راز رکھنے کا وعدہ کیا ۔ دیگر صورت میں راز کو فاش کرنے اور والدہ کے علاوہ عاشق بال ریڈی کو بتاتے ہوئے زندگی برباد کرنے کی دھمکی دی ۔ 10 لاکھ روپئے کے انتظام کیلئے کیرتی اور شنی کمار نے کیرتی کی والدہ رجیتا کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور 19 اکٹوبر کی رات منصوبہ کے مطابق شنی کمار نشہ کی حالت میں مکان میں داخل ہوا اور کیرتی نے اس کی والدہ کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر چھڑک دیا اور گلا گھونٹ کر رجیتا کو قتل کیا گیا اور اس کی نعش کو مکان میں رکھ کر کیرتی بال ریڈی کے مکان چلی گئی ۔ دونوں بعد میں اس نعش کو پھانسی سے لٹکاکر خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی جو نعش میں بدبو کے سبب ناکام ہوگئی اور اس کے بعد اس نعش کو ریلوے ٹریک کے قریب سنسان علاقہ میں منتقل کرتے ہوئے جلا دیا گیا ۔ پولیس حیات نگر نے مقدمہ درج کرنے کے بعد تمام زاویوں سے اس کیس کی سنجیدہ تحقیقات کی اور اس راز کو فاش کرلیا ۔ رجیتا فینانس اور چٹھیوں کا کاروبار کرتی تھی ۔ اور اس کاش شوہر سرینواس ریڈی لاری ڈرائیور ہے ۔ پولیس نے گرفتار افراد کو جیل منتقل کردیا ۔ اس موقع پر ڈی سی پی ایل بی نگر مسٹر سنپریت سنگھ و دیگر موجود تھے ۔