ماں کہتی ہیں ،ہمارا خاندان رائے بریلی میں مکمل ہوتا ہے:پرینکا

   

رائے بریلی سے راہول گاندھی کی نامزدگی کے ادخال پر پارٹی جنرل سکریٹری کا ریمارک

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے رائے بریلی کے ووٹروں سے اپنے بھائی اور کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو جتانے کی جذباتی اپیل کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کی والدہ سونیا گاندھی کا کہنا ہے کہ گاندھی خاندان دہلی میں نہیں بلکہ رائے بریلی میں مکمل ہوتا ہے ۔ راہول گاندھی کے رائے بریلی لوک سبھا سیٹ سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر اپنی والدہ اور رائے بریلی حلقہ کی ڈھائی دہائیوں تک لوک سبھا کی نمائندگی کرنے والی سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے ، اشوک گہلوت، ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کے ساتھ یہاں پہنچی پرینکا گاندھی نے کہا کہ ان کی ماں مانتی ہیں کہ ان کا خاندان دہلی میں ادھورا ہے اور رائے بریلی میں پورا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کچھ دن پہلے ماں نے کہا تھا، ’میرا خاندان دہلی میں ادھورا ہے ۔ جو رائے بریلی آکر مکمل ہو جاتا ہے ۔ ایک ایسا خاندان جس نے کئی نسلوں کو گلے لگایا ہے ، جو دہائیوں سے ہر اتار چڑھاؤ، خوشیوں اور غموں، بحرانوں اور جدوجہد میں چٹان کی طرح ہمارے ساتھ کھڑا ہے ۔ یہ پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے ۔ یہ خدمت اور ایمان کا رشتہ بھی ہے جو نصف صدی سے اٹوٹ ہے ۔ پرینکا گاندھی وڈرا نے کہاکہ ‘‘یہاں کے لوگوں سے ہمیں جتنا پیار، قربت اور احترام ملا ہے وہ انمول ہے ۔ خاندانی رشتے کی سب سے بڑی خوبصورتی یہ ہے کہ آپ چاہ کر بھی اس کی محبت کا قرض کبھی نہیں چکا سکتے ۔ اس مشکل وقت میں جب ہم ملک کی جمہوریت، آئین اور عوام کے حقوق کو بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں، اس جنگ میں ہمارا پورا خاندان بھی مضبوطی سے ہمارے ساتھ کھڑا ہے ۔ آج خاندان کے ہزاروں افراد کی موجودگی میں بڑے بھائی راہول جی نے اپنا انتخابی پرچہ نامزدگی داخل کیا۔