ماں کی ممتا دفن … نومولود بالٹی میں زندہ ملا

   

نو ماہ کی آغوش اور پھر بے رحمی ، معصوم کو تنہا چھوڑ دیا گیا ، انسانیت شرمندہ

حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : وہ بچہ جو ماں کی آغوش میں پلنا چاہئے تھا ایک بالٹی میں بے یار و مددگار پڑا ہوا ملا ۔ ضلع پرکاشم کے گڈالورو میں پیش آیا یہ غیر انسانی واقعہ نہ صرف دل دہلا دینے والا ہے بلکہ معاشرے کے ضمیر کو بھی جھنجھوڑنے والا ہے ۔ نو ماہ تک ماں کے پیٹ میں پرورش پانے والا یہ معصوم پیدائش کے چند گھنٹوں بعد تنہائی کے حوالے کردیا گیا ۔ مقامی افراد نے جب بالٹی میں تڑپتے بچے کو دیکھا تو ان کی آنکھیں نم ہوگئیں ۔ وہ معصوم جس نے ابھی آنکھیں بھی نہیں کھولی تھیں ۔ بھلا اس پر ظلم کا یہ پہاڑ کیوں ٹوٹا ؟ اطلاع ملتے ہی محکمہ ویمن اینڈ چائلڈ ویلفیر کے عہدیدار موقع پر پہنچے اور بچے کو تحویل میں لے کر دودھ پلایا ۔ اس وقت وہ بچہ عہدیداروں کی محبت اور مقامی لوگوں کی ہمدردی کے سہارے سانس لے رہا ہے ۔ حکام نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جارہی ہے تاکہ سنگدل والدین کا سراغ لگایا جاسکے ۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی کہ اگر کسی کے پاس اس بچہ اور والدین کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوری انتظامیہ کو اطلاع دیں ۔ یہ سوال اب بھی سب کے دلوں کو چبھ رہا ہے ۔ آخر اس معصوم کا قصور کیا ہے جو دنیا کی پہلی سانس بھی تنہائی اور بے رخی کے سائے میں لینے کے لیے مجبور ہے ۔ 2