ماں کے کورونا سے فوت ہونے پر بیٹے کی فراری

   

بہو نے پی پی ای کٹس پہن کر آخری رسومات انجام دی ، خونی رشتوں کو جھنجوڑنے والا واقعہ
حیدرآباد :۔ کورونا سے فوت ہونے والی ضعیف ماں کی نعش کو چھوڑ کر بیٹا نے راہ فرار اختیار کی ۔ بہو نے دوسری خاتون کے ساتھ پی پی ای کٹس پہن کر ساس کی نعش کو جے سی بی کے ذریعہ منتقل کرتے ہوئے گاؤں کے مضافات میں آخری رسومات انجام دی ۔ انسانیت کو شرمسار اور خونی رشتوں کو جھنجوڑ دینے والا ایک اور واقعہ ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں پیش آیا ۔ جنم دینے والی ماں کی نعش کو چھوڑ کر بیٹے کے فرار ہونے پر بہو نے ہمت و دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساس کی آخری رسومات انجام دی ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع محبوب نگر کے بیارم منڈل سے تعلق رکھنے والے چرلہ پلی موضع کی 75 سالہ کے بوچماں کو دو فرزند ہیں ۔ بڑے بیٹے کا انتقال ہونے پر اس کی بیوی انیتا اپنی ساس کے ساتھ رہ رہی تھی ۔ کورونا سے متاثر ہونے والی ضعیف خاتون نے گھر میں ہی دم توڑ دیا ۔ اس کی اطلاع اس کے دوسرے بیٹے کو دی گئی ۔ لیکن کورونا کے خوف سے بیٹے نے ماں کی آخری رسومات انجام دینا تو دور آخری دیدار کرنا بھی مناسب نہیں سمجھا اور گاوں سے راہ فرار اختیار کی ۔ اس ضعیف خاتون کی دو بیٹیاں بھی ہیں ۔ مگر وہ بھی کورونا کے خوف سے دوری اختیار کی قریب آنا بھی مناسب نہیں سمجھا ۔ جس پر بڑی بہو نے گرام پنچایت کی سکریٹری گنگاوت شریشا کے ساتھ مل کر پی پی ای کٹس پہن کر ساس کی نعش کو جے سی بی کے ذریعہ گاؤں کے مضافات میں منتقل کرتے ہوئے رسومات انجام دی ۔۔