نئی دہلی : محکمہ انکم ٹیکس نے ٹیکس بے ضابطگیوں کے سلسلے میں یوٹیوبر کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے اتر پردیش میں اس یوٹیوبر کے گھر پر چھاپے کے دوران 24 لاکھ روپے کی نقد رقم برآمد کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ تسلیم نامی شخص سے غیر قانونی ذرائع سے تقریباً ایک کروڑ روپے کمانے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ دوسری جانب تسلیم کے اہل خانہ نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔اتر پردیش کے بریلی کے رہنے والے تسلیم ٹریڈنگ ہب 3.0 نام سے ایک یوٹیوب چینل چلاتا ہے۔ تسلیم کے بھائی فیروز کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے یوٹیو ب سے ہوئی اپنی کل آمدنی 1.2 کروڑ روپے پر پہلے ہی 4 لاکھ روپے ٹیکس ادا کر چکے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تسلیم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ چھاپہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ تسلیم کی والدہ نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ یوٹیوبر کو کیس میں جھوٹا پھنسایا جا رہا ہے۔ نیز محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس طرح کے بہت سے آن لائن مواد تخلیق کرنے والے ٹیکس قوانین سے لاعلمی کی وجہ سے اپنے انکم ٹیکس ریٹرن (آئی ٹی آر) میں اسے نہیں دکھا رہے ہیں یا انڈر ڈیکلیئر نہیں کر رہے ہیں۔