ماہرتعلیم اور کینسر ایڈ فاؤنڈیشن کی صدر رشیدہ قاضی کا انتقال

   

ممبئی : ماہر تعلیم ،کینسرایڈاینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کی بانی صدر اور ڈاکٹر محمد اسحق جمخانہ والا اردو گرلز ہائی اسکول اور جونئر کالج کی سابق پرنسپل رشیدہ قاضی آج یہاں نیندمیں ہی انتقال کرگئیں۔ان کی عمر 80،سال تھی اور سبکدوشی کے بعد فاؤنڈیشن کے کاموں میں سرگرم ہوگئی تھیں۔ معروف سیاسی اور سیاہ شخصیت حبیب فقہیہ نے تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ رشیدہ قاضی کے بیٹوں کے لندن اور دوبئی سے واپس لوٹنے پر تدفین کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ رشیدہ قاضی ایک انتہائی لائق اور فعال معلمہ تھیں۔ 1967سے وہ رشیدہ ملّا کے نام سے کھلونا، بانو، بتول، نور اور انقلاب میں بچوں کے لئے کہانیاں اور مضامین لکھا کرتی تھیں۔ بھیونڈی سے ان کا تعلق تھا۔ مرحومہ پروفیسر اے ۔ اے قاضی کی اہلیہ تھیں ۔ ان کے تینوں صاحبزادے اعلی تعلیم یافتہ ہیں۔ لگ بھگ ایک دہائی سے زائد عرصے سے قاضی کے قائم کردہ ادارے کینسر ایڈ فاؤنڈیشن میں متحرک تھیں۔ ان کے مضامین کے دو مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔