حیدرآباد۔8فبروری(سیاست نیوز) گورکھپور بی آر ڈی اسپتال میںبچوں کی اموات کے واقعہ سے سرخیوں میںآنے والے ماہر اطفال ڈاکٹر کفیل خان نے اپنے دوروز دورے حیدرآباد کے دوران ریاستی وزیرداخلہ جناب محمد محمودعلی سے ان کی رہائش گاہ منسٹر کوارٹرس پر ملاقات کی ۔ اور ڈاکٹر کفیل خان مشن اسمائیل فاونڈیشن کی تفصیلا ت سے بھی جناب محمد محمودعلی کو واقف کروایا۔محمد محمودعلی نے کہاکہ وہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو سے اس ضمن میںنمائندگی کرتے ہوئے متاثرہ ڈاکٹر کفیل خان کی روداد بیان کریں گے ۔ انہوں نے ڈاکٹر کفیل خان سے کہاکہ قانونی اور جمہوری دائرے میںرہ کر حکومت تلنگانہ بلاتفریق مذہب ‘ ذات پات تمام پریشان حال او رمصائب زدہ طبقات کی مدد کے لئے سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یقینا فرقہ پرستی ایک ناسور ہے اور چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے اپنے سکیولر کردار کے ذریعہ ریاست تلنگانہ سے فرقہ پرستی کا مکمل طور پر صفایا کردیا ہے ۔ گذشتہ روز ڈاکٹر کفیل خان نے کانگریس پارٹی کے ورکنگ پریسڈنٹ اور سابق انڈین کرکٹ کپتان محمد اظہر الدین سے بھی خیرسگالی ملاقات کے دوران اپنے مشن اسمائیل فاونڈیشن سے انہیں واقف کروایا او رمستقبل میںتعاون کی امید بھی ظاہر کی۔