حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کینسر کے علاج کی بہتر سہولتوں کو یقینی بنانے کے لئے حکومت نے عالمی سطح کے ماہر امراض کینسر ڈاکٹر نوری دتاتریوڈو کو حکومت کا مشیر مقرر کیا ہے۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے جی او آر ٹی 860 جاری کیا۔ ڈاکٹر نوری دتاتریوڈو کینسر کے علاج کو سرکاری سطح پر بہتر بنانے اور کینسر کی روک تھام کے سلسلہ میں حکومت کو تجاویز کریں گے۔ ڈاکٹر نوری کا شمار عالمی سطح کے نامور آنکالوجسٹ میں ہوتا ہے۔ حال ہی میں ڈاکٹر نوری نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور چیف منسٹر نے انہیں تلنگانہ میں سرکاری سطح پر کینسر کے علاج کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز پیش کرنے کی خواہش کی۔ ڈاکٹر نوری نے اتفاق کیا جس کے بعد انہیں مشیر مقرر کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے۔ ڈاکٹر نوری بسواتارکم کینسر ہاسپٹل کی سلور جوبلی تقاریب میں شرکت کے لئے حیدرآباد پہنچے تھے۔ حکومت کی سطح پر موجود ایم این جے کینسر ہاسپٹل میں علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے میں حکومت دلچسپی رکھتی ہے۔ 1