گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات
اساتذہ اور وکلاء برداری کا بھی مکمل تعاون ، سماجی تبدیلی لانے کا عہد
حیدرآباد: گریجویٹ قانون ساز کونسل انتخابات کی مہم میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ ٹی آر ایس، کانگریس، بی جے پی، تلگو دیشم جیسی سیاسی جماعتوں کے ساتھ آزاد امیدواروں نے بھی اپنی مہم میں تیزی پیدا کی ہے۔ 14 مارچ کو یہ انتخابات ہونے والے ہیں۔ آزاد امیدواروں میں ماہرین تعلیم، ماہرین قانون بھی شامل ہیں اور ان میں ماہر تعلیم و محکمہ تعلیم کے سابق اعلیٰ عہدیدار جناب محمود علی (علی محمود) بھی شامل ہیں جن کا سیریل نمبر (سلسلہ نشان) 22 ہے۔ جناب علی محمود اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حیدرآباد، رنگاریڈی، محبوب نگر گریجویٹ قانون ساز کونسل حلقہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے اساتذہ اور گریجویٹس سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ وہ تقریباً 35 برسوں تک محکمہ تعلیم سے وابستہ رہے۔ ضلع رنگاریڈی کے پہلے ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسر اور پہلے ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ووکیشنل ایجوکیشن آفیسر کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا مختلف سرکاری کالجس، یونیورسٹیز اور اسکولس میں مثالی خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ تعلیم کے موضوع پر انہوں نے ایک انگریزی کتاب بھی تصنیف کی ہے جبکہ ان کی مزید چار کتابیں جلد ہی شائع ہونے والی ہیں۔ جناب محمود علی کے مطابق انہوں نے آج محبوب نگر کا دورہ کرتے ہوئے اساتذہ اور گریجویٹس سے ملاقاتیں کیں اور وہاں رائے دہندوں کا حوصلہ افزاء ردعمل حاصل ہوا۔ ہر مقام پر ان کی اپنے شاگردوں سے ملاقات ہوئی جو کالجس کے پرنسپلس، لیکچررس اور اسکول ہیڈماسٹرس و ٹیچرس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ناگر کرنول، شاد نگر، گدوال، وینکٹاپور میں بھی گریجویٹس اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ مسلم و غیرمسلم تمام گریجویٹس نے انہیں بھرپور تعاون کا تیقن دیا۔ ان کیلئے اہم بات یہ رہی کہ گریجویٹس اور اساتذہ ان کے حق میں رضاکارانہ طور پر مہم چلا رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ معاشرہ میں سماجی تبدیلی لائیں، نوجوانوں کو ترقی سے ہمکنار کروائیں۔ جناب محمود علی سلطان آبادی (علی محمود) اساتذہ اور گریجویٹس سے یہی درخواست کررہے ہیں کہ وہ صاف ستھری امیج کے حامل دیانت دار اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے امیدوار کو کامیاب نائیں۔ اس سلسلے میں ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ یقیناً گریجویٹس اور اساتذہ کے مسائل حل کرنے کا جذبہ لئے ہی انتخابی میدان میں اُترے ہیں اور سماج کے اس اہم حصہ ہی ان کی طاقت ہے۔ جناب علی محمود ایک رحم دل اور قابل وکیل بھی ہیں۔ عوام خاص طور پر غریبوں کی قانونی امداد کیلئے حاضر رہتے ہیں۔ وہ انتخابی مہم کے دوران وکلاء سے بھی ملاقاتیں کررہے ہیں۔ ملکاجگری بار اسوسی ایشن نے بھی ان کی تائید کا تیقن دیا۔