شہریوں کے دستوری ‘ سیاسی حقوق پر محبوب حسین جگرہال میں سمینار
حیدرآباد: ملک کے ممتاز قانون داں محمود پراچا 28 مارچ اتوار کو محبوب حسین جگر ہال احاطہ روزنامہ سیاست میں شہریوں کے دستوری وسیاسی حقوق کے موضوع پر خطاب کریں گے ۔ دوپہر 2.30 بجے تا سہ پہر 4.30 بجے سمینار ہوگا۔ ملک کے موجودہ حالات کے پس منظر میں شہریوں کو دستوری اور سیاسی حقوق سے واقف کرانا اہم ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ محمود پراچا جو ملک میں ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد میں شامل ہیں، انہوں نے حیدرآبادی عوام سے خطاب کی دعوت قبول کی ہے۔ تلنگانہ فار فارمرس فورم نے سمینار کا اہتمام کیا ہے ۔ حالیہ عرصہ میں سی اے اے مخالف احتجاجیوں پر مقدمات اوردیگر جہد کاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات منظر عام پر آئے ہیں۔ دہلی فسادات متاثرین کو انصاف دلانے محمود پراچا کی مساعی فرقہ پرست طاقتوں کو پسند نہیں آئی اور تحقیقاتی اداروں سے انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی ۔ محمود پراچا کی قیامگاہ پر دھاوا کرکے دستاویزات کی جانچ کی گئی۔ سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ کو جس طرح نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ، اس کے خلاف ملک بھر کی سماجی تنظیموں اور جہد کاروں نے آواز بلند کی ہے۔ حالیہ واقعات کے پس منظر میں محمود پراچا کا دورہ حیدرآباد اور لکچر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ عوام سے سمینار میں بڑے پیمانہ پر شرکت کی اپیل کی جاتی ہے۔